ن لیگ نےالیکٹیبلز کیلئےاپنےبند دروازےکھول دیے

Nov 12, 2023 | 15:48 PM

JAWAD MALIK

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن نے ملکی سیاست میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے الیکٹیبلز کے لئے اپنے بند دروازے کھول دیے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب بھر میں کروائے جانے والے سروے کے نتائج کی بنیاد پر الیکٹیبلز کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ایک سروے تھرڈ پارٹی کے ذریعے اسحاق ڈار کی نگرانی میں مکمل کروایا گیا، جس میں مجموعی طور پر 7 لاکھ سے زائد ووٹروں نے حصہ لیا، سروے کی بنیاد پر پنجاب کے مختلف اضلاع کے الیکٹیبلز کو پارٹی میں شمولیت کا گرین سگنل دیا گیا۔

چند دن پہلے مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے اجمل چانڈیا کی شمولیت الیکٹیبلز کے لئے دروازے کھولے جانے کے سلسلے کی پہلی کڑی تھی۔ ہفتے کے روز سردار منصب ڈوگر۔ نظام الدین سیالوی اور آصف بھا سمیت دیگر رہنماوں کو مسلم لیگ ن میں شامل کروایا گیا۔ آنے والے دنوں میں مزید الیکٹبلز کو مسلم لیگ ن میں شامل کروایا جائے گا۔

سروے کے ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو پنجاب کی قومی اسمبلی کی 141 جنرل نشستوں میں سے 90 کے قریب نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

قیادت نے آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت کے حصول کو اولین ہدف قرار دے دیا، جس کے لیے نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ملک کی دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت سیاسی اتحاد بنانے کی ہدایت دی۔

قائد نواز شریف نے پنجاب کے ہر حلقے سے مضبوط ساکھ کے حامل سیاستدانوں کو شامل کرنے کا ٹاسک رانا ثناء اللہ کو سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر اس شخصیت کو مسلم لیگ ن میں شامل کروایا جائے جو سیٹ جیتنے یا زیادہ ووٹ لینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

مسلم لیگ پنجاب سے حاصل کردہ ووٹوں کی بنیاد پر سادہ اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 جنرل نشستوں میں سے کم از کم 120 نشستیں جیتنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔

نواز شریف آئندہ ہفتے صوبہ بلوچستان کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ الیکٹیبلز کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

نواز شریف اور شہباز شریف بلوچستان سے بھی زیادہ سے زیادہ قومی اسمبلی کے مضبوط امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کی کوشش کرینگے۔

مسلم لیگ ن کا ایک وفد کراچی سمیت صوبہ سندھ کے دورے کے دوران نیا انتخابی اتحاد بنانے میں مصروف ہے۔

مزیدخبریں