فرح گوگی کا غیرمعروف ملک وینا تاؤ کا خفیہ پاسپورٹ منظرعام پر آگیا

Nov 12, 2023 | 14:26 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کا خفیہ پاسپورٹ منظر عام پر آگیا ہے، فرح گوگی کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی لوٹی ہوئی دولت چھپانے اور منی لانڈرنگ کیلئے غیر معروف ملک وینا تاؤ کا خفیہ پاسپورٹ بنا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کا خفیہ پاسپورٹ منظر پر آگیا ہے، اور رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے لوٹی ہوئی دولت کو چھپانے اور منی لانڈرنگ کیلئے فرح گوگی کو ایک غیر معروف ملک وینا تاؤ کاخفیہ پاسپورٹ بنا کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر 2021 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر عمران خان اور بشری بی بی نے ملک کے ایک معروف پراپرٹی ٹائکون کے بیٹے کو اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کیلئے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک سونپا۔ اور اس پراپرٹی ٹائکون نے ایک اور معروف بزنس مین کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کیلئے ایک لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر فراہم کئے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کی اکٹھی کی گئی دولت کو دنیا کے مختلف ممالک میں چھپانے کی غرض سے اس سے خریدے پاسپورٹ پر فرح گوگی کے بیرون ملک دورے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 28 مارچ 2022 کو فرح گوگی کیلئے خریدے جانے والا وینا تاؤ کا خفیہ پاسپورٹ بشری بی بی کے حوالے کر دیا گیا، اور 3 اپریل 2022 کو عمران خان کی حکومت جانے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر ملک سے فرار کروا کے دبئی بھجوا دیا گیا۔

  عمران خان اور بشری بی بی نے پاکستان سے لوٹی گئی کثیر رقم کو ٹھکانے لگانے کیلئے فرح گوگی کے خفیہ بین الاقوامی دوروں اور بینک اکاؤنٹس کو وینا تاؤ کے خفیہ پاسپورٹ سے ممکن بنایا۔ دبئی کے بعد باقی تمام سفر وینا تاؤ کے پاسپورٹ پہ کروائے گئے تاکہ تحقیقاتی ادارے اس نقل و حرکت سے آگاہ نہ رہیں۔

یاد رہے دو دن پہلے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق عمران خان اور بشری بی بی کی یہ فرنٹ پرسن ساڑھے 14 ارب روپے کے ناجائز اثاثوں کی مالک ہے۔

صرف تین سال کے قلیل عرصے کی عمران خان کی حکومت کے دوران انکی فرنٹ پرسن فرح گوگی کی ظاہری اور غیر ظاہری دولت میں 4520 ملین روپے کا اضافہ ہوا۔ اور اپنی حکومت گرنے کے بعد پورے ملک کو انتشار میں ڈال کر عمران خان نے اپنی چوری اور کرپشن پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش کی۔

مزیدخبریں