غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی،شہریوں کیلئےریلیف ثابت ہوئی

Nov 12, 2023 | 12:24 PM

JAWAD MALIK

This browser does not support the video element.

ایک نیوز: پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس اور پانی چوری جیسے جرائم کے تدارک کے لیے اب تک کے سب سے کامیاب اور معنی خیز آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کراچی کے شہریوں کے لیے ریلیف ثابت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے 21 اکتوبر سے 9 نومبر 2023 کے دوران کی گئی کاررائیوں کے دوران متعدد ایسی کامیابیاں ملیں جو شہریوں کے لیے یادگار ریلیف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے سر کا تاج ثابت ہوئیں۔

غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس و پانی چوری کے خلاف گزشتہ قریباً 20 دنوں میں 22 اہم اور کامیاب آپریشن کیے گئے۔ اس دوران 51 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 48 کو مسمار جبکہ 3 کو مہر بند کیا گیا۔ ملزمان کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واٹر مافیا کی جانب سے لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب 18 فٹ گہری اور 200 فٹ لمبی سرنگ کھود کر 6 پائپ لائنیں کے ذریعے یومیہ 200 ملین گیلن پانی چوری کیا جارہا تھا۔ چیف ایگزیکٹیو واٹر بورڈ کارپوریشن صلاح الدین کے مطابق اس پانی چوری سے ایک دن کی مالیت 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ آر او پلانٹ کے نام سے چلایا جارہا تھا۔

15 ملزمان کے خلاف واٹر بورڈ کارپوریشن کی مدعیت میں قانونی کارروائی کی گئی۔ دوران آپریشن 21 غیر قانونی سب سوائل بور کے غیر قانونی کنکشن کو ختم کیا گیا۔ غیر قانونی ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف کامیاب آپریشنز سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

مزیدخبریں