ایک نیوز: اتمانزئی جرگہ نے پولیو جیسی مہلک بیماری کے تدارک کیلۓ پاک فوج اور حکومت کے ساتھ مل کر مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان سے پولیو کے خاتمے کے متعلق اہم اعلان سامنے آیا ہے، اور اتمانزئی جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ضلع میں پولیو کے تدارک کیلئے پاک فوج اورحکومت کے ساتھ مل کرمہم چلائی جائے گی۔
اتمانزئی جرگہ شمالی وزیرستان کے معتبر اور سینئر مشران پر مشتمل ایک علاقائی کمیٹی ہے۔ جس کا کہنا ہے کہ پاک فوج شمالی وزیرستان سمیت ضم شدہ اضلاع میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے کام کررہی ہے، اس سے ضلع میں آنے والی نسلوں کو پولیو جیسے مہلک مرض سے بچایا جا سکے گا۔
جرگہ نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر خوشحالی اورترقی میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا، اور پولیو آگاہی مہم میں مثبت کردار ادا کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیو سے پاک وزیرستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔