ایک نیوز: لیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن چھٹی کے روز بھی جاری،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 بجلی چور پکڑے گئے،ریجن بھر میں کل 339 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،219کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 4 کمرشل،1زرعی اور334 ڈومیسٹک تھے،تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو تین لاکھ سڑسٹھ ہزار چار سو انتالیس یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں،24 گھنٹوں کے دوران چارج کئے گئے یونٹس کی مالیت ایک کروڑ باسٹھ لاکھ اکانوے ہزار چھ سو گیارہ روپے ہے،پھولنگر کے علاقے میں کنکشن کو 320415 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسلام پورہ کے علاقہ میں کنکشن کو 200000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ ہنجروال کے علاقے میں کنکشن کو150000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، ہنجروال کے علاقے میں ہی ایک اور کنکشن کو150000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 65 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل25308 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،اعدو شمار کے مطابق مہم کے دوران اب تک12398ملزمان کو گرفتار کیا گیا،25057کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،24194درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
ترجمان لیسکو کا مزید کہنا ہے کہ بجلی چوروں کو اب تک چارکروڑ تہتر لاکھ اکتیس ہزار نو سو ستانوے یونٹس چارج کئے گئے ہیں،چارج کیے گئے یونٹس کی مالیت ایک ار ب ننانوے کروڑ ستائیس لاکھ چھیاسی ہزارچھ سو چھہتر روپے ہے۔