ایک نیوز: پنجاب کے12 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز15مئی سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم سات روز جاری رہے گی جبکہ دیگر9 اضلاع بھکر، لیہ، ڈی جی خان،میانوالی، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور اور شیخوپورہ میں مہم پانچ روز جاری رہے گی۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑآٹھ لاکھ 50ہزاربچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،84ہزارسے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔چیف سیکرٹری نےہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے۔پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو مل کرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ مسڈ چلڈرن کی کوریج بہتر بنانے کیلئے مائیکرو پلانز پر خاص توجہ دی جائے۔چیف سیکرٹری کی محکمہ صحت کو ہیومن ریسورس ماڈل کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔