انٹرنیٹ سروس کی بندش کا5واں روز،ڈیجیٹل ادائیگیاں بند،اربوں کانقصان

May 12, 2023 | 12:21 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ملک میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے کے بعد انٹر نیٹ سروس 4روز بعد بھی بحال نہیں کی گئی، ڈیٹا انٹر نیٹ سے وابسطہ کاروبار اور روزگار ٹھپ ہوکر رہ گیا، آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر اور فوڈ سپلائی کرنے والے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی معطل رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی معطل رہیں گی،ملک بھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی،وزارت داخلہ نے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی کے احکامات جاری کئے تھے،وزارت داخلہ نے موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی گرفتاری کے بعد بگڑتی صورتحال کے باعث بند کی گئی ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تاحال بحال نہیں کی گئی، انٹرنیٹ بند ہونے سے آن لائن رائیڈرز کا روزگار شدید متاثرہوا۔جبکہ آن لائن رائیڈرز کا کہنا ہے کہ  چار روز سے روز گار شدید متاثر ہے، انٹر نیٹ کے بغیر ہمیں سواریاں ڈھونڈنے کیلئے بس اڈے یا ریلوے اسٹیشن آنا پڑ رہا ہے،انٹر نیٹ کی بندش سے صرف آن لائن ٹیکسی ،موٹرسائیکل رائیڈر اور فوڈ سپلائی ہی نہیں بلکہ انٹر نیٹ سے وابستہ دیگر روز گار اور کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

تین دن میں ملک بھر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی سے ٹیلی کام سیکٹر کو 2 ارب 46کروڑ کا نقصان پہنچا ہے۔

ٹیلی کام انڈسٹری ذرائع کے مطابق حکومت کو موبائل براڈ بینڈ سروس سے روز ساڑھے 28کروڑ ٹیکس ریونیو ملتا ہے اور تین دن کی بندش سے حکومت کو تقریباً 86 کروڑ کے ٹیکس ریونیو کا نقصان پہنچا ہے۔

آل پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق  آئی ٹی سیکٹر کا ایک دن کا کاروبار 12 ملین ڈالر ہے اور تین دن میں آئی ٹی سیکٹر کو 10 ارب کا نقصان پہنچا ہے۔

مزیدخبریں