ایک نیوز: آئی سی سی کی کمائی میں بھارت کا بڑا حصہ پاکستان کو ایک آنکھ نہیں بھایا،بگ تھری کے بگ ون بننے پر انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی حیران ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی فنانشل ماڈل سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ممکنہ طور پر 38.50 فیصد رقم 231 ملین ڈالر ملیں گے۔اس کے بعد دوسرا نمبر انگلینڈ کا 6.89 فیصد کے حساب سے 41.33 ملین ڈالر ہے اورکرکٹ آسٹریلیا کے حصے میں 6.25 فیصد شیئر کے لحاظ سے 37.53 ملین ڈالر آئیں گے۔
ماضی میں ان تینوں بورڈزنے خود ساختہ ’’بگ تھری‘‘ بنایا تھا لیکن اب بھارت بگ ون بن گیا کیونکہ اسے لگتا ہے کہ آئی سی سی کی ممکنہ 600 ملین ڈالر کمائی میں سے بیشتر حصہ اسی کے ملک سے آئے گا۔پی سی بی کو 5.75 فیصد کے لحاظ سے 34.51 ملین ڈالر ملیں گے۔ بگ تھری کے بعد یہ سب سے بڑا شیئر ہوگا لیکن پی سی بی اس سے مطمئن نہیں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آمدنی میں اس لحاظ سے تقسیم منصفانہ نہیں ہے ضرورت پڑنے پر آئی سی سی میٹنگ میں اس حوالے سے سوال اٹھایا جائے گا۔ اس بات کا امکان کم ہے کہ اس پر کوئی شنوائی ہو کیونکہ کونسل پر بھارت کا بہت زیادہ اثرورسوخ ہے،طاقتور فنانس کمیٹی کے سربراہ بھی سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ ہیں۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی نئے ماڈل کو دیکھ کر حیران ہیں۔ اس ماڈل کے تحت دیگر 8 فل آئی سی سی ممبران کو 5 فیصد سے کم حصہ ملے گا، 12 فل ممبر ممالک میں 600 ملین میں سے 532.84 ملین ڈالر تقسیم کیے جائیں گے، باقی 67.16 ملین ڈالر تمام ایسوسی ایٹ ممالک کو ملیں گے۔