ملک میں انٹرنیٹ سروس کب بحال ہوگی؟ راناثناءاللہ نےبتادیا

May 12, 2023 | 09:02 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ملک میں بند انٹرنیٹ سروس بحال ہونے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک یا دو دن میں انٹرنیٹ سروس بحال ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف   عمران خان کی گرفتاری کے بعد حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس محدود کردی تھی جبکہ سوشل میڈیا تک رسائی کو بھی محدود کردیا گیا تھا۔

 گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو رہا کیے جانے کے حکم کے بعد عوام توقع کررہے تھے کہ اب ملک میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس معمول پر آجائے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

ذرائع پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد ہی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائےگی۔تاہم رانا ثنا ءاللہ نے نجی ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک آدھ دن میں ملک میں انٹرنیٹ سروس بحال ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ کی بندش فوری ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سے 22 مئی کو جواب طلب کیا ہے۔

مزیدخبریں