شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی 

Mar 12, 2024 | 20:27 PM

ایک نیوز :قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی ۔ پی سی بی ایک بار پھرکپتان کو تبدیل کرنے کا سوچنے لگی ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نئے سربراہ محسن نقوی کو کپتانی میں تبدیلی کے مشورے مل رہے ہیں، بعض حلقوں کا خیال ہے کہ 23 سالہ شاہین ابھی اس ذمہ داری کیلیے کم عمر ہیں،انھیں مزید میچور ہونے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب بورڈ کے ہی بعض حلقوں کی رائے میں ورلڈکپ کے قریب قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہو گا، اس سے ٹیم کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین ہی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تبدیلی کی صورت میں محمد رضوان کو عہدہ سونپنے کا امکان  ہے، بابر اعظم بھی دوڑ میں موجود ہوں گے، محسن نقوی کی اب تک شاہین آفریدی یا کسی اور کرکٹر سے الگ ملاقات نہیں ہوئی ہے، اسلام آباد میں کئی کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ہی بلایا تھا، پی ایس ایل کے بعد الگ میٹنگز میں معاملات پر بات کی جائے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں شرکت کرنی ہے، کپتان کا فیصلہ رواں ماہ ہی کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب شین واٹسن نے کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کیلیے بہت بڑے معاوضے کا مطالبہ کر دیا ہے،پاکستانی روپے میں یہ رقم کئی کروڑ بنتی ہے، واٹسن کے انداز سے یہی محسوس ہوتا ہے کہ وہ عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر زیادہ عرصے اپنی فیملی سے دور نہیں رہنا چاہتے، پی سی بی آپشنز کی کمی کے سبب اصرار کر رہا ہے لیکن اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ واٹسن کے ساتھ معاملات طے ہو جائیں، مائیک ہیسن کے ساتھ بھی بورڈ کی بات ہوئی ہے، انھوں نے بھی اب تک مثبت جواب نہیں دیا اور سوچنے کیلیے وقت مانگ لیا ہے۔

مزیدخبریں