ایک نیوز:شام میں نایاب پھل ٹرفل کی تلاش میں3 افراد ہلاک اور 26کواغواکرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق شام کے شہر حلب کے صحرا سے تین افراد کی سر کٹی لاشیں ملی ہیں جب کہ 26 شکاریوں کی گمشدگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاحال قتل ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ قتل اور اغوا ہونے والے اس علاقے میں زیر زمین اگنے والے دنیا کے مشہور اور نایاب پھل ٹرفل (ایک قسم کی مشروم اور فنگس) کو تلاش کر رہے تھے ۔جسے دنیا بھر میں مہنگے داموں ہاتھوں ہاتھوں لیا جاتا ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کادعویٰ ہے کہ ان افراد کے قتل اور اغوا میں ممکنہ طور پر داعش ملوث ہے۔ حلب کا یہ علاقہ شام میں داعش جنگجوؤں کا آخری ٹھکانہ ہے۔ فروری سے لے کر اب تک پھل کی تلاش میں اس علاقے میں آنے والے 139 افراد داعش کے حملوں میں مارے جا چکے ہیں ۔جن میں سے اکثریت بارودی سرنگ دھماکے میں ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ شام کے سرکاری میڈیا نے اس واقعے پر کوئی خبر نشر نہیں کی ہے تاہم شام میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والی برطانوی تنظیم نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنگجوؤں نے ان لوگوں کو ایران نواز فورسز کے ٹھکانوں کے قریب نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ نایاب پھل ٹرفل (ایک قسم کی مشروم اور فنگس) کا موسم فروری سے اپریل کے درمیان ہوتا ہے اور سیکڑوں غریب شامی جان کی پروا کیے بغیر وسیع صحرا میں اس پھل کی تلاش میں آتے ہیں۔ یہ علاقہ بارودی سرنگوں سے بھرا ہوا ہے۔