گلگت میں برف سے ڈھکے برزل پاس کو آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا

Mar 12, 2023 | 18:53 PM

ایک نیوز :پاک افواج نے گلگت کے قریب برف سے ڈھکے برزل پاس کو آمدورفت کیلئے کھول دیا ہے۔ اہل علاقہ نے  احسن اقدام پر پاک افواج کا شکریہ ادا کیا۔

گلگت سے178 کلومیٹر دور واقع برزل پاس پاک آرمی اور عوام دونوں کے لیے ہی اہم گزرگارہ ہے۔ سطح سمندر سے13ہزار 808فٹ بلند برزل پاس اکتوبر سے اپریل تک برف سے ڈھکا رہتا ہے۔ اس سال یہ پاس جنوری اور فروری کے لیے بند ہوا تھا، جس کے بعد پاک افواج کے جوانوں نے رات دن کی انتھک محنت سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو عوام کے لیے کھول دیا ہے۔

  برف سے ڈھکے برزل پاس کوکھولنے کیلئے جوانوں نے یہ کام منفی30ڈگری سینٹی گریڈ کے سرد موسم میں بھی بخوبی سرانجام دیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی یہ کاوش سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

برزل پاس سے ہر سال50سے60ہزار گاڑیوں کا گزر ہو تا ہے۔ علاقے کے 61گاؤں کی 15ہزار آبادی کے لیے صرف ایک یہ ہی راستہ ہے۔

مزیدخبریں