تحریک انصاف آج لاہور میں انتخابی ریلی نکالے گی،روٹ فائنل

Mar 12, 2023 | 15:14 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز :تحریک انصاف آج لاہور زمان پارک سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں انتخابی ریلی نکالے گی ۔روٹ بھی فائنل کرلیاگیا۔

 دفعہ 144 کے نفاذ اور ریلی کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف نے لاہور میں اپنی انتخابی ریلی گزشتہ روز ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل لاہور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم دوبارہ لاشیں گرانا نہیں چاہتے، ہم خون نہیں چاہتے، اسی لئے  ہم آج کی ریلی ملتوی کررہے ہیں۔ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے۔ ممکن ہے کہ ہم یہ ریلی کل کرلیں۔تحریک انصاف ارباب اختیار شہر کے راستے کھول دیں۔ بعدازاں عمران خان نے ریلی کل تک ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 8 مارچ کی طرح وزیراعلیٰ اور پولیس تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں ۔ جس سے بچنے کیلئے ریلی ملتوی کی۔ کارکنان سے درخواست ہے اس جال میں نہ پھنسیں۔

واضح رہے کہ لاہور انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی ریلی کے پیش نظر مال روڈ سے کینال کی جانب راستے کو بند کردیا  تھا۔  اسی طرح ہربنس پورہ سے بھی راستے بند کر کے پولیس کی  بھاری نفری تعینات کی گئی۔  ریلی میں شرکت کیلئے  آنے والوں کو بھی گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

دوسری جانب لاہور میں رینجرز کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ رینجرز آج سے 10 روز تک تعینات رہے گی۔ 

واضح رہے کہ رینجرز کو لاہور میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست جمع کرادی ہے۔چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر ڈاکٹر بابر اعوان کی طرف سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی کے اعلان کے بعد دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی، غیر آئینی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ  الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے۔درخواست میں ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کررہی ہے حالانکہ تحریک انصاف کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے۔ تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے پانچ بجے ختم ہوگی جبکہ پی ایس ایل کا میچ سات بجے شروع ہوگا۔اس سے پہلے کسی شہر میں پی ایس ایل کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست میں اس امر کا اظہار کیا کہ الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔پنجاب حکومت غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو روک رہی ہے۔

مزیدخبریں