ایک نیوز: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم پھٹ چکی ہے، انتخاب میں نہیں احتساب میں جائے گی، رات ڈراؤنا خواب دیکھتے ہیں، صبح دفعہ 144 لگا دیتے ہیں، آج اگر لاہور میں پھڈا ہوا تو لوگ پھٹ پڑیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ گزشتہ روز کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے، پہلے عمران خان کو قاتل کہا پھر درویش کے ایکسیڈنٹ کا بیانیہ بنایا، درویش ظل شاہ کی موت ن لیگ کی سیاست دفن کر دے گی، حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل سہہ بھی سکے، پولیس ہمدردیاں تبدیل کرتے ہوئے عدت کے دن بھی پوری نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ نانی اور بلو رانی کہتی ہے میچ اس وقت کھیلیں گے جب پلیئر اور امپائر ان کے ہوں گے، فیصل آباد میں نانی کے لیے 30 گاڑیوں کا پروٹوکول اور امریکا میں بلورانی کی شاہ خرچیاں بچت سکیم کا حصہ ہیں
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب معافی مانگ کر بھاگنے اور لندن میں 4 سال ہاؤس ریسٹ رہنے سے پاکستان میں اصولوں کے لیے جیل جانا قابل افتخار ہے، 15 دن تو کیا نوازشریف رمضان میں بھی پاکستان نہیں آئیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے تو معاہدہ دور کی بات ہے ابھی دوست ملکوں سے خیرات اور زکوۃ بھی نہیں ملی، امریکا کی تنہائی اور چین کی کامیابی خطے میں بڑی خبر ہے۔