ایک نیوز :غیرقانونی تارکین وطن کی کشتیوں کو روکنے کیلئے برطانیہ اور فرانس کے درمیان 479 ملین پاؤنڈ کا معاہدہ طے پا گیا۔
وزیراعظم رشی سونک اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساحلوں پر انتہائی تربیت یافتہ سیکڑوں نئے انفورسمنٹ آفیسرز تعینات کئے جائیں گے، چھوٹی کشتیوں کو روکنے کیلئے مستقل موبائل پولیسنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کو نظرانداز کرتے ہوئے فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ فرانس اور برطانیہ کے بجائے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان ہے، یہ برسلز اور لندن کا مسئلہ ہے وہی اسے حل کریں گے۔
اس موقع برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہی غیرقانونی تارکین کے وطن کی واپسی کے حوالے سے فرانس کے ساتھ بھی معاہدہ طے پا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساحلوں پر نظرداری کیلئے ڈرون طیاروں، گشت اور سرویلینس ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جائے گی۔