ایس آئی ایف سی کی آئی ٹی سیکٹر میں ایک سالہ کامیابیاں  

Jun 12, 2024 | 09:48 AM

ایک نیوز:ایک سال میں ایس آئی ایف سی کی تمام کامیابیاں پاکستان کے روشن مستقبل کی نشاندہی اور اس میں موجود عظیم صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی آئی ٹی سیکٹر میں پالیسی اقدامات کے ذریعے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے، سرمایہ کاروں کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات کے نفاذ میں سہولت فراہم کررہا ہے۔

 ایس آئی ایف سی نے غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی واپسی کامیابی کے ساتھ دوبارہ شروع کی ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم ہوا ۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت جیسے ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور معاہدوں کے ساتھ ساتھ امریکہ میں مقیم آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایس آئی ایف سی نے اہم اقتصادی معاہدوں کی بنیاد رکھی ہے ۔ ایس آئی ایف سی نے مختلف یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں کی تکمیل میں سہولت فراہم کی ہے جو پاکستان میں اقتصادی ترقی کی طرف ٹھوس پیشرفت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔  

اے آئی اور آئی ٹی میں ترقی کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے، یونیورسٹی کے 200,000 گریجویٹس آئی ٹی سروسز فرموں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں جو ان کی ملازمت اور صنعت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ 

 ملک بھر میں 10,000 ای- روزگار مراکز قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو فری لانسرز کو وسائل سے لیس ورک سپیسس فراہم کریں گے جو ان کی ترقی کے لیے مدد فراہم کرسکیں۔ اس کے علاوہ فری لانسرز کے لیے پے پاک  سروس شروع کی گئی ہے جس کی بدولت پے پال  کے ذریعے آسانی سے غیرملکی ادائیگیاں حاصل کر سکتے ہیں اور ڈیجیٹل معیشت میں اپنے کام کو آسان بنا سکتے ہیں۔

مزید برآں، تیز رفتار انٹرنیٹ فائبر کے لیے قومی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جس سے تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکشن کو وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ تیز رفتار انٹرنیٹ فائبر کے ذریعے تعلیم، روزگار اور مواصلات کے لیے بہتر رابطے کے ساتھ کمیونٹیز کو بااختیار بنایا جائے گا۔ 

ایس آئی ایف سی کی طرف سے متعارف کرائے گئے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ  سے نئے خیالات کو کامیاب منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے وسائل اور مواقع فراہم ہونگے جو سٹارٹ اپ ایکو سسٹم  کی حمایت اور پرورش کرتا ہے ۔ 

 سیمی کنڈکٹر انڈسٹری الیکٹرانک آلات میں خاص اہمیت کا حامل ہے اور اسی وجہ سے ایس آئی ایف سی نے ملک کے اندر ایک سیمی کنڈکٹر صنعت کو ترقی دینے کے لیے تبدیلی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیمی کنڈکٹر انڈسٹری منصوبے کا مقصد ملک کو اس عالمی انڈسٹری ویلیو چین میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر متعارف کرنا ہے۔  

مزیدخبریں