ایک نیوز:نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کی غیر فعالی کا معاملہ، اسلام آبادہائیکورٹ نےتحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
وزارت داخلہ نے نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کردیئے ۔ایڈینشل اٹارنی جنرل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا گیا۔ عدم پیشی پر چیف کمشنر اسلام آباد کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تحریری حکم نامہ جاری کیا ۔
حکم نامہ میں کہاگیاکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق فارنزک ایجنسی کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق فارنزک ایجنسی کی بحالی کا عمل 3 ہفتوں میں مکمل ہوگا، پراجیکٹ ڈائریکٹر فارنزک ایجنسی کی بحالی کا عمل تیزی کیساتھ مکمل کریں،پراجیکٹ ڈائریکٹر 3 ہفتوں میں فارنزک ایجنسی کی بحالی سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں، فارنزک ایجنسی کی بحالی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔
حکم نامہ میں مزیدکہاگیاکہ عدالتی طلبی کے باوجود چیف کمشنر بغیر کسی وضاحت کے عدالت سے غیر حاضر رہے، چیف کمشنر آج ساڑھے 9 بجے ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوں، چیف کمشنر بتائیں کہ غیر حاضری پر کیوں توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز نہ کیا جائے، آئی جی اسلام آباد کے مطابق پنجاب فارنزک ایجنسی میں 5 سو رپورٹس زیر التوا ہیں،انچارج پنجاب فارنزک ایجنسی 3 ہفتوں میں زیر التوا رپورٹس سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں، چیف کمشنر کی پیشی کی حد تک کیس کوآج سماعت کیلئے مقرر کیا جائے،مرکزی کیس کو 3 جولائی 2024 کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔