اسرائیل میں ہزاروں سال قدیم پرندوں کی ہڈیوں سے بنی بانسریاں دریافت

اسرائیل میں ہزاروں سال قدیم پرندوں کی ہڈیوں سے بنی بانسریاں دریافت
کیپشن: Thousands of years old flutes made of bird bones discovered in Israel

ایک نیوز:شمالی اسرائیل میں پائے جانے والے 12,000 سال پرانے شکاری پرندوں کی چھوٹی ہڈیاں ملی ہیں جنہیں شعوری طور بانسریوں میں ڈھالا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محققین نے بتایا کہ بانسریاں شکاری پرندوں کی ہڈیوں سے بنی ہوئی ہیں۔ کُل 7 چھوٹی بانسریاں شکاری پرندوں کی پکار جیسی آوازیں خارج کرتی تھیں۔

محققین کا خیال ہے کہ یہ بانسریاں موسیقی، شکار یا پرندوں کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت کے لیے استعمال کی گئی ہوں گی۔ یہ بانسریاں شمالی اسرائیل کی بالائی اردن وادی کی ہولا جھیل کے قریب میں بستی عینان مالہا سے ملی ہیں۔ 7 بانسریوں میں سے ایک مکمل ہے اور اب تک کی یہ دنیا کی واحد قدیم بانسری ہے جو سالم حالت میں محفوظ ہے۔

 بستی کی پہلی بار کھدائی 1955 میں کی گئی تھی جہاں مختلف قسم کے ڈھانچے ملے تھے جس میں پرندوں سمیت مختلف اقسام کے جانوروں کی ہڈیاں شامل تھیں۔ یہ بستی شکاریوں کا رہاشی علاقہ تھا۔