سستے روسی تیل کی آمد، پیٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی

Jun 12, 2023 | 12:10 PM

ایک نیوز: پاکستان میں سستے روسی تیل کا پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے۔ جس کے بعد عوام نہ صرف تیل کی قیمتوں میں بلکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی بڑے ریلیف کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق سستے تیل کی پاکستان آمد سے پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 40 سے 50 روپے تک کمی کا امکان ہے۔ تاہم یہ کمی یکم جولائی سے قبل نہیں مل سکے گی۔ 

روس سے سستے تیل کی خریداری کے معاملہ پر حکام وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ  روس سے آنے والا ٹیسٹ کارگو پاکستان پہنچا ہے۔ روسی تیل سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ پنتالیس  ہزار ٹن تیل کی پہلے کھیپ پی آر ایل میں ریفائن ہوگی۔ پارکو بھی روسی تیل کی ریفائنری میں حصہ لے گی۔ آئندہ دو ہفتوں میں روسی تیل مارکیٹ میں تجزیاتی بنیادوں پر لایا جائے گا۔ فی الوقت روس سے 1 لاکھ بیرل کا معاہدہ ہوا ہے تاہم پہلی کھیپ کے نتائج کے بعد سات لاکھ بیرل تیل پاکستان آئے گا۔

ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق روسی تیل سے قیمتوں میں ریلیف کے اثرات اگلے ماہ تک متوقع ہیں۔ پاکستان کی دیگر ریفائنریز بھی روسی تیل کو لینے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب روسی تیل کی آمد کے بعد پیٹرول ہی نہیں بجلی قیمتوں میں بھی کمی کی نوید سنادی گئی ہے۔

چیئرمین لیسکو بورڈ حافظ میاں نعمان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائی ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ روس سے تیل پاکستان پہنچ گیا ہے اور اب بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ اب عوام کو بجلی میں بھی ریلیف ملے گا اور بجلی کی قیمت میں کمی کی جائے گئی۔

اس حوالے سے وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہو جائے گی تو قیمتوں میں فرق آئے گا۔

نجی ٹی وی کی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہو جائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہو جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے تاریخ رقم کردی اور پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔

شپنگ ذرائع کے مطابق خال تیل لےکر روسی جہاز ’پیور پوائنٹ‘ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔

سمندری طوفان سے قبل جہاز کراچی پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔

شپنگ ذرائع نے بتایا کہ روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا اور جہاز کو آج ہی کراچی پورٹ کی برتھ پر لگا دیا جائے گا۔

مزیدخبریں