9مئی واقعات، عدالت کا میڈیا افرادکو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع

Jun 12, 2023 | 11:44 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں 9 مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک افراد کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پر سماعت 19 جون تک ملتوی کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے پٹشن میں لف ڈیجٹل میڈیا افراد کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع کر دی  ہے۔جسٹس انوار الحق پنوں نے نبیل رشید کی درخواست پر سماعت کی،درخواست میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او  کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات کو الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ڈیجٹل میڈیا نے بھی رپورٹ کیا ہے۔الیکٹرانک اور ڈیجٹل میڈیا کی فوٹیجز سے شرپرست عناصر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار کر رہے ہیں۔فوٹیجز بنانے اور واقعہ کو رپورٹ کرنے والے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے افراد کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے، آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پرقدغن عائد نہیں کرتا۔قوانین کےتحت پیشہ ور صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 9مئی کےواقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں،سوشل میڈیا سے منسلک افراد کےگھروں پرچھاپے مارکرگرفتار کیاجارہاہے۔گرفتاری کےدوران چادر چاردیواری کا تحفظ پامال کیا جا رہا ہے۔جیو فینسگ میں ڈیجٹل میڈیا افراد کی لوکیشن آنے پر انہیں گرفتار کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس کو سوشل میڈیا سے منسلک کی گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دے ۔

مزیدخبریں