بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اٹلی میں دو روز قبل 7 مسافروں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا جس کا ملبہ پہاڑی علاقے سے مل گیا۔
ہیلی کاپٹر میں زمین پر گرنے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ لاشیں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔ ہیلی کاپٹر میں 7 افراد سوار تھے جن میں سے 4 ترکی شہری اور دو لبنانی ہیں جب کہ پائلٹ مقامی شخص تھا۔
دو روز بعد ملنے والے ملبے سے 5 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ 2 لاشیں قریبی علاقے سے مل گئیں۔
تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر کیڑے مار دوائیں اور کیمیکل بنانے والی ایک کمپنی کی ملکیت ہے جو اپنے صارفین کو فیکٹری کا دورہ کرانے یا پروڈکٹس کی پروموشن کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ حکومت کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ ہلاک ہونے والے ترک شہری اٹلی کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔