ایک نیوز:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا ہے، سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے حق اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ،عدالت کا یہ فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھا۔ جس پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن آج ہمیں ہمارا حق مل گیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے دوتہائی اکثریت اور آئین میں ترمیم کا راستہ رک گیا ہے، آج 25 کروڑ عوام اور جمہوری قوتوں کیلئے خوشی کا دن ہے،آج پوری قوم کے لیے، جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے، ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ نوافل ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا تھا، الحمدللہ 11 ججوں نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل کرے اور پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دی جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم وزیراعلٰی کے پی کے علی امین گنڈا پور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مخصوص نشستوں والے ارکان کا حلف نہ لیکر بہادری کا مظاہرہ کیا تھا۔ جو لوگ مرضی کے فیصلے کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت لینا چاہتے تھے، ان کا رستہ رک گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ وہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوراً سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو دوبارہ مخصوص نشستیں دے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عدالتوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمیں مخصوص نشستیں مل گئی ہیں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے آج حق دار کو حق ادا کرکے ادارے کا وقار بحال کیا، الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی،سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن پر اظہار عدم اعتماد کر دیا، حامد رضا نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما حامد رضا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج حقدارکوحق دلوایا، الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی، سپریم کورٹ نےالیکشن کمیشن پراظہارعدم اعتماد کردیا، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفی دیں۔
پی ٹی آئی رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے،پاکستان کی تاریخ میں بہت کم ایسے دن ہیں جب طاقتور اور جابر کے ارادوں کو مات دی ہوعدالت نے۔
وہ چاہتے تھے کہ سیٹیں ہم سے چھین کر اور ہمیں مال غنیمت کے طور پر بانٹتے اور آئینی حلیہ بگاڑتے،ان کے ارادے آج پاش پاش ہو ئے ہیں،آج آئین کی فتح ہوئی ہے،یہ بہت بڑا دن ہے،آج ہم نے قانونی جنگ جیتی ہے،اب ہمیں سیاسی جنگ بھی جیتنی ہے،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ پاکستان کے عوام کا8فروری کو جو ارادہ تھا،اس کو سلب کیا گیا،ہمارا وعدہ ہے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،آج کی قانونی فتح پہلا قدم ہے اس منزل کی جانب،ان کاکہناتھا کہ ہماری منزل یہی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت ہو،پاکستان میں آئین کا دور دورہ ہو،جو لوگ آئین اور جمہوریت کوپامال کرتے ہیں،ان کو شکست ہوہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی کنول شوذب نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو بےگناہ قید میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کوفوری انصاف دیا جائے،انہوں نے زور دیا کہ ہمارے لیڈر کو بھی رہا کیا جائے۔