ایک نیوز: پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کا معاملہ، سابق وزیراعلی پرویزالہی کی رہائی کی روبکار پر جیل حکام نے اعتراض عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جیل حکام نے پرویز الہی کو ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہیں کیا۔ جیل حکام نے اینٹی کرپشن کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ جس میں استدعا کی ہے کہ عدالت کا مشروط حکم سمجھ نہیں آرہا۔ وضاحت کی جائے۔
سپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان نے سماعت کی۔ عدالت نے جیل حکام کے رویہ پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔ عدالت نے کیمپ سپرنٹنڈنٹ جیل اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے روبکار جاری ہونے کے باجود ملزم کو رہا کیوں نہیں کیا وضاحت کریں۔
عدالت نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ضمانت کو جسمانی ریمانڈ کیلئے اپیل پر لاہور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ سے مشروط کیا تھا۔ جیل حکام نے اعتراض لگا کر پرویز الہی کی روبکار عدالت کو واپس کر دی۔
منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت، پرویزالہٰی کی روبکار جاری نہ ہوسکی:
ایف آئی اے بنکنگ کورٹ پرویز الہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بھی ضمانت کے بعد سابق وزیراعلیٰ کی روبکار جاری نہ ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعلی پنجاب کی ضمانت منظور ہونے کہ بعد ابھی تک روبکار جاری نہیں ہوسکی۔
عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کے وکلا کی جانب سے ابھی تک ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروائے گئے۔ ضمانتی مچلکے جمع ہونے کہ بعد جانچ پڑتال کے بعد روبکار جاری ہوگی۔