سوشل میڈٰیا پر افواج کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ، بھارتی عسکری ہائی کمان کا سخت ایکشن کا فیصلہ

Jul 12, 2023 | 12:24 PM

ایک نیوز: سوشل میڈیا پر افواج کے خلاف گمراہ کْن پروپیگنڈہ کو روکنے کیلئے فرانس کے بعد اب بھارت بھی آگے آ گیا۔ فوج کے اندرونی معاملات کو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کرنے پر بھارتی عسکری ہائی کمان نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی عسکری ہائی کمان نے ویٹرنز اور ریٹائرڈ اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر فوج کے امیج کو خراب کرنے سے متعلق مواد شیئر کرنے پر سخت تنبیہ جاری کر دی ہے۔ بھارتی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جھوٹا بے بنیاد اور من گھڑت مواد شیئر کرنے پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خلاف ورزی کے ذمہ دار اہلکاروں کی مراعات اور پینشن بھی روک لی جائیں گی۔ 

بھارتی عسکری ہائی کمان نے فارمیشن کمانڈز کو ایسے واقعات اور مشتبہ اہلکاروں پر نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں ، لوکل کمانڈرز کو مقامی پولیس کے ساتھ مل کر ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔ 

بھارتی عسکری کمان کے ایڈجوڈنٹ جنرل آفس نے ساتوں آرمی کمانڈز کو بذریعہ خط ہدایات جاری کردی ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ فوجی سروس ،معاملات، مراعات بالخصوص افسران کے خلاف پروپیگنڈہ اور فوجی نظم و ضبط متاثر کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 

خط کے متن کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں آرمی ایکٹ 1950ء کے سیکشن 131 کے تحت بغاوت پر اْکسانے کا مقدمہ اور عمر قید کی سزا کا حوالہ دیا گیا ہے۔ بھارتی افواج نے ویٹرنز اور ریٹائرڈ اہلکاروں کو سیاسی معاملات میں فوج کو ملوث کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔

مزیدخبریں