شیریں مزاری کا نام ای سی ایل فہرست سےنکالنےکی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری

Jul 12, 2023 | 10:49 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل، پی این آئی ایل فہرست سے نکالنے کی  درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے اور 3دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق  تحریک انصاف کی سابق رہنما شیریں مزاری کا نام ای سی ایل، پی این آئی ایل فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت  ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست کی سماعت کی ، شیریں مزاری اپنے وکلا احسن جمال پیرزادہ اور ایمان مزاری کےساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے شیریں مزاری کے وکیل سے استفسار کیا کہ ای سی ایل میں آپ کا نام ہے تو کاپی کہاں ہے؟

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کی کوئی کاپی نہیں، میڈیا رپورٹ سے  پتہ چلا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اخباری خبر میں بھی آپ کا نام نہیں تو آپ کیسے یہاں کہہ سکتے ہیں؟جسٹس طارق محمود طارق نے ریمارکس دیئے کہ اخبار آرٹیکل میں تو صرف ایک فیگر بتایا گیا ہے۔

عدالت نے وکیل شیریں مزاری سے استفسار کیا آپ کے کیسز کا کیا بنا؟

وکیل نے کہاکہ شیریں مزاری کو کچھ کیسز سے نکال دیا گیا ہے، کچھ ابھی برقرار ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو متعلقہ افسر تعینات کرنےکاحکم دیدیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3دن میں رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کردی۔

بعد ازاں اسلام آبادہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت 19جولائی تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں