ایک نیوز:کیا آپ نے کبھی سبزی فروش کے بارے میں سنا ہے کہ وہ ٹماٹروں کی حفاظت کیلئے باؤنسر رکھ رہے ہیں؟ یہ بات تو عجیب اور دلچسپ سی لگ رہی ہوگی مگر یہ سچ ہے۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع وارانسی سے تعلق رکھنے والے ایک سبزی فروش نے مہنگی سبزیوں کو گاہکوں سے بچانے کیلئے باؤنسر کی خدمات حاصل کیں۔ ٹماٹروں کے بغیر باورچی خانہ ناقابل تصور ہے اور بھارت کا ہر گھر اپنے کچن میں ٹماٹر ذخیرہ کرتا ہے کیونکہ یہ سبزی زیادہ تر پکوانوں میں استعمال کی جاتی ہے۔
ٹماٹر کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے ساتھ وارانسی میں ایک ٹماٹر فروش نے اپنی سبزیوں کی حفاظت کیلئے باؤنسر کی خدمات حاصل کیں۔ دکان کے مالک اجے فوجی نے بتایا کہ انہوں نے باؤنسر اس وجہ سے رکھے ہیں کیونکہ ٹماٹروں کی قیمتیں آسمان کو چھونے سے لوگ ٹماٹروں کو لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹماٹر 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب گاہک ایک ٹماٹر لینے کیلئے پہنچتا ہے تو دکاندار کی ہدایت کے مطابق اسے چھونے سے روک دیا جاتا ہے، جب تک کہ اسے یہ یقین نہ ہو جائے کہ گاہک ٹماٹر خریدنے کیلئے آیا ہے۔
ایک سبزی فروش جگ نارائن کا کہنا ہے کہ “ان دنوں سبزیوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، لیکن ٹماٹر سب سے مہنگا ہے۔ گاہک ٹماٹر خریدنے کیلئے سودے بازی کرتے ہیں، لیکن ہم ان کے بتائے ہوئے نرخ کے مطابق سبزی فروخت نہیں کر سکتے۔ سبزی مہنگی ہونے کی وجہ سے صارفین سبزی خریدنے کے قابل نہ ہونے کی شکایت کر رہے ہیں۔
سودھاجھا نامی ایک گاہک نے کہا کہ باؤنسر ہمیں ٹماٹروں کو چھونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ اچھے کو لینے کیلئے ہمیں ان کو چھونا پڑتا ہے، ورنہ ہم ان پر اتنا خرچ کیسے کر سکتے ہیں؟ میں نے تین ٹماٹر 35 روپے میں خریدے۔ ایک گاہک وجے کمار یادو نے کہا کہ میں نے 250 گرام ٹماٹر 35 روپے میں خریدے ہیں، جب خاندان میں 10 لوگ ہوں گے تو ہم ان ٹماٹروں کا کیا کریں گے؟