قرآن پاک کی بے حرمتی :بلاول بھٹو نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھادیا

Jul 12, 2023 | 00:08 AM

ایک نیوز :وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سویڈن میں قرآن نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے مترادف اور مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔
تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سویڈن میں قرآن پاک نذر آتش کرنے کے حالیہ واقعے کے تناظر میں ہونے والی ہنگامی بحث میں آن لائن خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 3 ماہ قبل ہم نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے پہلا دن منایا اور اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے ہمیں اس کی مشترکہ سربراہی کا اعزاز حاصل ہوا جہاں ہم سب نے متفقہ طور پر اسلامو فوبیا کے خلاف ایک آواز ہو کر بات کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مذہبی منافرت پر مبنی اقدامات کے حوالے سے انسانی حقوق کونسل میں جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بحث کے فوری انعقاد پر انسانی حقوق کونسل کا شکریہ ادا کیا اورسویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر افسوس کا اظہارکیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی منظوری کے بعد کیے گئے قرآن پاک کے مقدس اوراق کی بے حرمتی جیسے اقدامات زیادہ سے زیادہ اشتعال دلانے کے لیے انجام دیے جاتے ہیں اور ہمیں واضح طور پر یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب مذہبی منافرت پر اکسانے، امتیازی سلوک اور تشدد کو ہوا دینے کی کوشش ہے اور ہم سب کو مل کر اس کی مذمت کرنی چاہیے اور نفرت کو فروغ دینے والے ایسے عناصر کو الگ تھلگ کر دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک 2 ارب مسلمانوں کے لیے ایک روحانی تسکین کا سبب ہے، یہ ان کی شناخت اور وقار سے ہرگز الگ نہیں ہے قرآن کی بے حرمتی جیسے اس عمل سے مسلمانوں کو جو گہرا نقصان پہنچا ہے اس کو سمجھنا ضروری ہے، یہ ان کے ایمان پر حملہ ہے۔
بلاول نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب کو نفرت، امتیازی سلوک، عدم برداشت کے خلاف متحد ہو کر باہمی احترام، افہام و تفہیم اور رواداری کے لیے راستے بنانا ہوں گے۔

مزیدخبریں