انجمن کاشتکاراں فیصل آباد کےصدر چوہدری جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری رانا محمد خان، مرشد طارق اسلم، ڈاکٹر فاروق اعظم، ڈاکٹر شگفتہ گل، رانا عابد علی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد نے انہیں کھاد کی عدم دستیابی اور اس کی بلیک مارکیٹنگ بارے آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سہیل اشرف کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں سخت ایکشن لیں اور محکمہ زراعت کے حکام سے کہہ کر کاشتکاروں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر کھاد کی مطلوبہ مقدار میں فراہمی یقینی بنائی جا ئے تاکہ زرعی اجناس کی پیداوار میں کمی سے بچا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زرعی اجناس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے کاشتکاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور حکومتی اہداف میں رکاوٹ بننے سمیت ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں متعلقہ اہلکاروں کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔ بعدازاں لیبر ایسوسی ایشن فیصل آباد کے وفدنے بھی وزیر داخلہ سے ملاقات میں انہیں عید کی مبارکباد پیش کی اور اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے صنعتی مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار مقرر کی ہے جس پر ہر حال میں عملدرآمد کروایا جائے گا اسی طرح انہیں سوشل سکیورٹی کارڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا ئے گی تاکہ انہیں مفت علاج معالجہ کی سہولیات حاصل ہوسکیں۔بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ سے ان کے حلقہ این اے 106 کے وفدنے ملاقات کی اور عید کے موقع پر مبارکباد سمیت نیک خیالات و جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے وزیر داخلہ کو حلقہ کے بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پرانہوں نے فوری مسائل حل کرانے کا عندیہ دیا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ میں سڑکات کی تعمیر، بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی، سکولز و کالجز کی اپ گریڈیشن، طبی سہولیات میں بہتری، فراہمی و نکاسی آب، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب ان کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے جلد اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چار سال تک ان کے حلقہ کو نظر انداز کیا گیا لیکن اب وہ اگلے سال کے دوران حلقہ کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ ممکن بنائیں گے اور جلد حلقہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کردیا جا ئے گا۔