حضرت عثمانؓ کے کنویں کا پانی اور کھجوریں کہاں سے ملتی ہیں ؟ پتہ چل گیا

حضرت عثمانؓ کے کنویں کا پانی اور کھجوریں کہاں سے ملتی ہیں ؟ پتہ چل گیا
ایک نیوز نیوز: حضرت عثمان رضی اللہ تعالی کا کنواں (بئررومہ) آج 14 سو سے زائد سال گزرنے کے بعد بھی پانی دے رہا ہے اور اس کے اردگرد کھجوروں کا باغ ہے جس کی کھجوریں آپ خرید سکتے ہیں۔ اس کنویں کی گہرائی تقریباً 37 میٹر ہے اور پانی 29 میٹر پر موجود ہے۔
مدینہ میں مسجدِ نبوی سے 11 کلومیٹر کی مسافت پر قائم ایک دکان ہے جو رومہ کنویں کے قریب ہے، جہاں سے آپ نہ صرف یہ پانی پی سکتے ہیں بلکہ اس باغ کی کھجوریں خرید بھی سکتے ہیں’’ارویٰ المدینہ للتمور‘‘نامی دکان میں ایک کولر موجود ہے جہاں سے ہر شخص بلا امتیاز فی سبیل اللہ پانی پی سکتا ہے ۔
بئیر رومہ سے ملحق باغ کو سیراب کرنے کے لیے پانی بھی اسی کنویں سے لیا جاتا ہے۔ مدینہ کے مقامی ریکارڈ کے مطابق یہ کنواں اور اس کے گرد باغ اب بھی حضرت عثمانؓ کی ملکیت ہے۔سعودی حکومت نے حضرت عثمان بن عفانؓ کے نام سے ایک وقف اکاؤنٹ بھی کھول رکھا ہے جس میں اس باغ سے حاصل ہونے والی آمدنی جمع ہوتی ہے جس سے غریب افراد کی مدد کی جاتی ہے۔
حضرت عثمانؓ کا ایک یہودی سے کنواں خرید کر مسلمانوں کے لیے وقف کر دینے کا واقعہ اسلام کی تاریخ میں اللہ کی رضا کے لئے قربانی کی ایک بڑی مثال ہے ۔ یہ وہی کنواں ہے جس کے بارے میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ جو شخص یہ کنواں لے کر وقف کرے گا اس کے لیے جنت میں کنویں کا وعدہ ہے۔