پیغام دیا جارہا ہے طاقتور کی بات مانو گے تو تمام مقدمات ختم ہوجائیں گے ، عمران خان

پیغام دیا جارہا ہے طاقتور کی بات مانو گے تو تمام مقدمات ختم ہوجائیں گے ، عمران خان
کیپشن: پیغام دیا جارہا ہے طاقتور کی بات مانو گے تو تمام مقدمات ختم ہوجائیں گے ، عمران خان

ویب ڈیسک :تحریک انصاف کے  بانی چیئرمین عمران خان نے  کہا کہ پیغام دیا جا رہا ہے طاقتور کی بات مانو گے تو نیب، کرپشن اور دیگر تمام مقدمات ختم ہوجائیں گے۔

تفصیلات کےمطابق بانی چیئر مین تحریک انصاف اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں نیب ریفرنسز میں پیش ہوئے ،اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو  کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے سے نکلتے ہیں تو دوسرے میں گرفتار کر لیے جاتے ہیں۔پیغام دیا جا رہا ہے طاقتور کی بات مانو گے تو نیب، کرپشن اور دیگر تمام مقدمات ختم ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے توشہ خانہ کے مقدمات معاف کر دیے گئے۔ ’مریم نواز نے بی ایم ڈبلیو لی اور کاغذات میں ڈکلئیر نہیں کی مگر مقدمہ معاف کر دیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے مطابق مریم کے 4 فلیٹ تھے، نیب اس سے بھی پیچھے ہٹ گیا، جو پریس کانفرنس کرتا ہے اس کے مقدمات ختم ہوجاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امجد خان، صداقت عباسی سمیت متعدد امیدواروں کو پکڑ کر کاغذات جمع نہیں کرانے دیے گئے۔ ’مجھ پر 200 مقدمات درج ہیں جو ملکی تاریخ پر کسی پر درج نہیں ہوئے، ایک کیس سے نکلتا ہوں دوسرے میں ڈال دیتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں، اسی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھ رہا، حقیقی آزادی ہی جمہوریت ہے، طاقتور کو قانون کے تابع کرنا کمزور کو حقوق دلانا جمہوریت ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’ملک میں جنگل قانون رائج ہے، نگران حکومت غیر جانبدار نہیں ہے، یہ الیکشن کمیشن ہے ہی نہیں عملی طور پر غیر فعال ہے، 9 مئی کو میرے ساتھ ظلم کیا گیا، غیر قانونی طور پر پکڑا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ملک میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ایسا ظلم نہیں ہوا، سازش کو بے نقاب کرنے پر پیغام دیا گیا کہ تمھاری مجال کیسی ہوئی، یہی سائفر کیس ہے۔‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، عالمی طاقتیں اسرائیل کو بچا رہی ہیں، فلسطین کے مقابلے میں یوکرین میں کچھ نہیں ہوا لیکن اس پر واویلا زیادہ کیا گیا۔ ’فلسطین کی فوج تو ہے ہی نہیں قتل عام ہو رہا ہے۔