ایک نیوز: لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج علی ذوالقرنین اعوان نے سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔
حمزہ شہباز حاضری کے لئے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین بھی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم عدالت نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔
عدالت میں حمزہ شہباز کی آج ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی اور ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔
احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے ان کی درخواست منظور کر لی اور مزید سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔
گزشتہ ماہ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے ان کو پیش ہونے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس پر دوبارہ کارروائی شروع ہو گئی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر سرکاری خزانہ سے گندہ ناکہ بنانے کا الزام ہے۔