ایک نیوز: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دورہ افغانستان کے دوران امارت اسلامی افغانستان کے وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیر مہاجرین حاجی خلیل الرحمان سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کو افغانستان کی داخلی صورتحال سے آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے خلیفہ سراج الدین کی دونوں ممالک کے درمیان کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی و خارجی استحکام لانا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی تو خوشحالی اور امن آئے گا۔ پاکستانی قوم افغانستان کی عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پر خلیفہ سراج الدین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ داخلی معاملات پر بہترین تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی امور پر مذاکرات اور باہمی اشتراک سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
افغان وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں ںے کہا کہ افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کا ناروا سلوک ختم ہونا چاہیے۔ افغان مہاجرین کو واپسی کیلئے حکومت پاکستان کو رضاکارانہ طور پر وقت دینا چاہیے تھا۔ جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے وقت ناروا سلوک پر ہم نے آواز اٹھائی تھی۔