پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی منظوری، آئی ایم ایف اعلامیہ جاری

پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی منظوری، آئی ایم ایف اعلامیہ جاری
کیپشن: Approval of 700 million dollars to Pakistan, IMF statement issued

ایک نیوز: پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی منظوری پر آئی ایم ایف نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پاکستان کے لیے 1 ارب 90 کروڑ ڈالرز جاری ہو جائیں گے۔ 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام اپریل 2024میں مکمل ہو جائے گا۔ پاکستان کو غیرملکی اور زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھانا ہوں گے۔ پاکستان زرِمبادلہ کی مارکیٹ میں شفافیت اور اہلیت کو مضبوط بنائے گا۔ 

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روپے کی قیمت انتظامی اقدامات کے ذریعے روکی یا کنٹرول نہیں کی جائے گی۔ پاکستان نے تحریری طور پر آئندہ بجٹ میں شرائط پر قائم رہنے کا یقین دلایا ہے۔ غیر ملکی زرِمبادلہ پر دباؤ کم کرنے کے لیے پاکستان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان کو توانائی کی قیمتوں کی مسلسل ایڈجسٹمنٹ کرنا ہو گی۔

آئی ایم ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں آئندہ مہینوں میں مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔ جیو پولیٹیکل کشیدگی بڑھنے سے پاکستان بیرونی خطرات کا شکار رہ سکتا ہے۔ مہنگائی کم کرنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنا ہوگی۔ توانائی کے شعبے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے بنیادی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی۔ ریاستی ملکیتی اداروں کو گورننس بہتر کرنا ہو گی۔ 

اعلامیے کے مطابق موسمی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے صلاحیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو بدعنوانی کے خلاف اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ پاکستانی معیشت میں برداشت کی صلاحیت پیدا کرنے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ قیمتوں سے متعلق عالمی مالیاتی حالات کی سختی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مہنگائی کی سطح مناسب اور سخت پالیسی سے اس میں کمی آسکتی ہے۔ جون 2024ء کے آخر تک 18.5 فیصد تک گرسکتی ہے۔