ایک نیوز: ق لیگ نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں ن لیگ سے کوئی بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی اور اپنے زور بازو پر میدان میں اترے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔
صدر ق لیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ پاکستان کی بہتری کےلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تاہم صرف اپنی ذات کی حد تک سیٹ ایڈجسٹمنٹ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں ن لیگ نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ پارٹی کے قائد اور دیگر رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے امیدواروں کو دوہرے معیار کی نظر نہیں ہونے دیں گے۔ نون لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ ن لیگ گجرات سے بھی میرے اور میرے بھائی چوہدری شافع حسین کے خلاف اپنے نامزد کردہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیں۔ جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین نے بھی اس بات پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جن امیدواروں سے عہد کیا وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ اگر ن لیگ ان کا مقابلہ کرے گی تو ہم بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسی صف میں کھڑے ہونے کو ترجیح دیں گے۔ ہم بنا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مقابلے کے لیےتیار ہیں۔