ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ، لاہوراورکراچی میں سرد ہواؤں کےڈیرے

ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ، لاہوراورکراچی میں سرد ہواؤں کےڈیرے
کیپشن: ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ، لاہوراورکراچی میں سرد ہواؤں کےڈیرے

ایک نیوز: ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے جبکہ کراچی میں بھی سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد ہو گیا ہے، دن بھر تیز اور سرد ہوائیں چلنے لگی ہیں جبکہ رات کے اوقات میں بھی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

شہر قائد آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سردی کی شدت آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی، دن بھر سرد ہوائیں چلتی رہیں گی جس کے سبب سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہے، تاہم آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں رات کے وقت ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بعدازاں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔