کراچی: سکول کی چھت گرگئی، 2 طالبات زخمی

Jan 12, 2023 | 16:58 PM

ایک نیوز: کراچی میں سکول کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ جس کے نتیجہ میں 2 بچیاں شدید زخمی ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرکاری سکول کی چھت کا کچھ حصہ گرگیا۔ گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سکول ظفر ٹاؤن میں دوران کلاس چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ جس کے نتیجہ میں 2 بچیاں شدید زخمی ہوگئیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکول کی عمارت 3 سال قبل ازسرنو تعمیر کی گئی تھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ 

سکول اساتذہ کے مطابق سکول کی چھت کی خستہ حالی کی متعدد بار اعلیٰ حکام کو شکایت کی گئی تاہم اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی سنوائی نہیں ہوسکی۔ 

دوسری جانب کراچی کے علاقے کلفٹن میں ضیاءالدین ہسپتال کے نزدیک افسوسناک ٹریفک حادثہ میں سکول جاتے بہن بھائی تیز رفتار منی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ صبح پیش آیا جہاں سکول جارہے بہن بھائی تیز رفتار مزدا منی بس کی زد میں آگئے۔ جس کے نتیجہ میں 11 سالہ حذیفہ اور 18 سالہ بشریٰ زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق بہن بھائیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ 

دوسری جانب بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا واقعہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ جلد ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں