دوسرا ون ڈے: سٹیڈیم میں گھسنے والے 2 نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج

Jan 12, 2023 | 16:47 PM

ایک نیوز: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین گزشتہ روز دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا گیا۔ اس میچ کے دوران دلچسپ صورتحال تب بنی جب 2 نوجوان گراؤنڈ میں داخل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں داخل ہونے والے دونوں تماشائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق میچ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہونے والے جاوید ولد گل رحمان اور محمد عباس ولد سجاول کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کےخلاف تعزیرات پاکستان کی تین دفعات لگائی گئی ہیں، دونوں افراد اس وقت عزیز بھٹی پولیس کی تحویل میں ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 79 رنز سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 262 رنز کا ہدف دیا تھا، لیکن کھیل کے آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہنے والی پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر فخر زمان کوئی رن بنائے بغیر ٹِم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے دوسرے اوپنر امام الحق بھی صرف چھ رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد محمد رضوان 50 گیندوں پر 28 رنز بنانے کے بعد مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ حارث سہیل بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10 رنز بنا کر گلین فلپس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

سلمان علی آغا 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد نواز بریسویل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد اسامہ میر آئے جو 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اِش سوڈھی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے آخری بیٹر حارث رؤف تھے جو کوئی رن بنائے بغیر اِش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کے بولرز ٹِم ساؤتھی اور اِش سوڈھی نے دو، دو، جبکہ فلپس، فرگوسن، سینٹنر اور بریسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے اچھا ثابت ہوا۔

کیوی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی فن ایلن تھے جو ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد ڈیون کونوے نے کریز سنبھالی اور وہ 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ان کے بعد ڈیرل مچل آئے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر قدم نہ جما سکے اور صرف پانچ رنز بنانے کے بعد محمد نواز نے انہیں پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔

نیوزی لینڈ کے چوتھے بیٹر ٹام لیتھم تھے جو صرف دو رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ محمد نواز کے تیسرے شکار کین ولیمسن تھے جو 85 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے۔

محمد نواز نے اپنی چوتھی اور میچ کی چھٹی وکٹ گلین فلپس کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو تین رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مائیکل بریسویل ساتویں پوزیشن پر ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے آئے مگر صرف آٹھ رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ اس وقت گری جب حارث رؤف نے اِش سوڈھی کو سات رنز پر بولڈ کیا۔ نسیم شاہ میچ میں اپنی تیسری وکٹ ٹِم ساؤتھی کو آؤٹ کر کے لی جو کوئی رن نہ بنا سکے۔

مچل سینٹنر نیوزی لینڈ کے آخری بیٹر تھے جو آخری اوور کی پانچویں گیند پر رن لیتے ہوئے 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس میچ میں محمد نواز نے چار، جبکہ نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے اور سپنر اِش سوڈھی کی واپسی ہوئی ہے۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہی کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

مزیدخبریں