ایک نیوز: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے رانا ثناء اللہ نے پارٹی قائد کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے، تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کروا لئے جائیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی، قائد ن لیگ نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی اجازت ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی۔
پارٹی قائد کی جانب سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔