ایک نیوز: کراچی کے علاقے کلفٹن میں ضیاءالدین ہسپتال کے نزدیک افسوسناک ٹریفک حادثہ میں سکول جاتے بہن بھائی تیز رفتار منی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ صبح پیش آیا جہاں سکول جارہے بہن بھائی تیز رفتار مزدا منی بس کی زد میں آگئے۔ جس کے نتیجہ میں 11 سالہ حذیفہ اور 18 سالہ بشریٰ زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق بہن بھائیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا واقعہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ جلد ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 164 افراد جاں بحق اور 148 زخمی ہوئے۔ ڈسڑکٹ ساؤتھ میں 15 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، ڈسڑکٹ سٹی میں 4 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ ڈسڑکٹ سینڑل میں 16 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 22 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی، ڈسڑکٹ ویسٹ میں 59 افراد جاں بحق اور 75 افراد زخمی، ڈسڑکٹ کورنگی میں 13 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی جبکہ ڈسٹرکٹ ملیر میں 40 افراد جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بس کی ٹکر سے کراچی میں 11 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، منی بس کی ٹکر سے 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے، کوچ کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے، ٹریلر کی ٹکر سے 20 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس ہی طرح ٹرک کی ٹکر سے 36 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے، ڈمپر کی ٹکر سے 14 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 12 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔