پرویزالہٰی سے الحاق کے امکانات موجود، پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتی، سالک حسین

پرویزالہٰی سے الحاق کے امکانات موجود، پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتی، سالک حسین
کیپشن: There are possibilities of affiliation with Parvaizalhi, PTI does not want it, Salik Hussain(file photo)

ایک نیوز: وفاقی وزیر اور رہنما ق لیگ چودھری سالک حسین نے پرویز الہٰی سے صلح اور الحاق کا عندیہ دیدیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتی، اگر وہ الگ ہوجائیں تو الحاق ممکن ہے۔

تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتوں کیلئے چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی اکٹھے جاتے تھے۔ ہوسکتا ہے آخر میں پرویزالہٰی سے کوئی علیحدہ رابطہ ہوا ہو۔ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں، ہمیشہ جس سے بھی ملے دونوں اکٹھے ملے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس پر مجھے شک ہے پرویزالہٰی کو کہا گیا ہو کہ شجاعت حسین کو نہیں بتانا۔ اگرکسی نے پیغام دینا تھا تو دوںوں کو اکٹھے بلا کر بھی دے سکتے تھے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپریل میں تبدیلی کے بعد انتخابات نہ کرانے پر نالاں ہیں۔ میاں صاحب نے مجھے بتایا وہ فوری انتخابات کے حق میں تھے۔ تاہم کچھ قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ حکومت ایسی تبدیلیاں چاہتی تھی جس سے دوبارہ سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنیں۔ کچھ ایسے اتحادی بھی تھے جو فوری انتخابات کرانے کے مخالف تھے۔ 

انہوں ںے واضح کیا کہ سیاست میں ہمیشہ صلح اور دوبارہ الحاق کے امکانات ہوتے ہیں۔ جب تک پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں وہ نہیں چاہتے صلح ہو۔ پی ٹی آئی کو چھوڑ دیں تو ان کے لیے آسانی ہوگی۔ 

انہوں نے پیشکش کی کہ وہ واپس آنا چاہیں تو چودھری شجاعت کی پی ڈی ایم والے اتنی عزت تو کریں گے۔ پہلے بھی تو پی ڈی ایم شجاعت حسین کی وجہ سے ہی وزارت اعلیٰ دینے پر راضی تھی۔ پرویزالہٰی اور مونس کی موجودگی میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہورہی تھی۔