عامر لیاقت وائرل ویڈیو کیس:عدالت نے دعاعامر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا

Jan 12, 2023 | 13:23 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے معروف ٹی اینکر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت سے متعلق آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ دعائے عامر کو طلب کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کیس کے حتمی چالان کیلئے مہلت دی جائے،کیس میں گواہ پنجاب میں ہیں ان کو نوٹسز ہوچکے ہیں،گواہوں کوبیانات قلمنبد کرنے ہیں۔

وکیل ملزمہ ایڈووکیٹ لیاقت گبول نے کہا کہ 2 ماہ ہوگئے تاحال کیس کا حتمی چالان جمع نہ ہو سکا،2 ماہ کے باوجود ایف آئی اے والے مزید وقت مانگ رہے ہیں، عامر لیاقت تو اپنی زندگی میں ہی دانیہ شاہ کو معاف کر چکے تھے،ایف آئی اے کو مزید مہلت نہ دی جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مکیش کمار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر چالان میں مواد ہوا تو ٹرائل چلائیں گے،اگر چالان میں کچھ نہیں ہوا تو آرڈر کر دیں گے۔

عدالت نے مدعی مقدمہ دعائے عامر کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ایف آئی اے سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے اور سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

دانیہ  کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ضمانت میں موقف اپنایا گیا تھا کہ دانیہ شاہ بے گناہ ہیں ویڈیوز انہوں نے وائرل نہیں کیں ان کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔

یاد رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دانیہ شاہ کی ضمانت خارج کرنے پر انہیں جیل بھیجا تھا۔ دعائے عامر کی جانب سے والد کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے الزام میں دانیہ شاہ کو لودھراں سے گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں