ایک نیوز: ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار میں بارش جبکہ خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید بارش اور برفباری ، مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں درمیانی سے شدید برفباری جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم ایران سے شمالی بلوچستان میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے دو روز تک بلوچستان کے 13 اضلاع میں بارش اوربرف باری جاری رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 14 سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔آج سے کراچی میں بھی سردی کی نئی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پاراچنار کے بالائی علاقوں میں آج صبح سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پہاڑوں علاقوں میں 4 سے لیکر 8 انچ برف پڑنے کی اطلاع ہے۔ برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال کرنا دوگنا کر دیا۔
مری، ہنزہ، بالاکوٹ سمیت پہاڑی علاقوں میں آج سے برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسیں گے۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
خطۂ پوٹھوہار،آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا میں بھی بارش متوقع ہے۔ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ دو روز سے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگںٔی ہیں جس سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-01-12/news-1673510088-6547.mp4