ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب رہے لیکن پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق رات دیر تک ہونے والے اجلاس میں پرویز الٰہی نے 186 اراکین کی حمایت حاصل کرلی۔ نصف شب کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی میں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کے ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور کرسیاں بھی چل گئیں، ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے لابی کا دروازہ توڑ دیا اور اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا لیکن حکومت کی جانب سے کارروائی جاری رہی۔
راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال کی جانب سے پیش کی گئی اعتماد کے ووٹ کی قرارداد منظور ہونے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس 23 جنوری دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔