پرویزالہٰی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب، پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل

Jan 12, 2023 | 09:25 AM

ایک نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب  چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کیے۔ چوہدری پرویز الٰہی کی اعتماد کے ووٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

پی ٹی آئی سینئر رہنما فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہوئی تو پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پنجاب کی حکومت نہ بدلی تو نام بدل دینا، ہم نے ان کا نام چنوں منوں رکھ دیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں بڑے دن بعد دھند چھٹی ، بارش ہوئی، زرداری جیسی بیماری اور رانا ثنا کو اسلام آباد بھاگنا پڑا۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'مبارک پنجاب! مبارک تحریک انصاف! مبارک قائد لیگ' ۔

اسد عمر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ' الحمد للہ 186،  پاکستان زندہ باد'۔

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آج ایک مرتبہ پھر پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ ملا، اپوزیشن کے دعوے دھرے رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے لوگ آئے،اسلام آباد کا ماحول لاہور میں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارے وکلا نے عمدہ طریقے سے عدالت میں قانونی جنگ لڑی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ناکام حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مستقبل کی صف بندی کرنی ہے، پی ڈی ایم حکومت ناکام ہوچکی ہے ، اعتماد کے ووٹ کے لیے 186 ووٹ حاصل کیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے گورنر کے آفس کو ناجائز طور پر استعمال کیا، گورنر کے حکم کو عدالت نے معطل کردیا، آج گورنر کے حکم کی نفی ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کے اتحاد کو عوام نے مسترد کردیا، اسمبلی میں کون حاضر ہوا کون غیر حاضر رہا فوٹیج موجود ہے،  ہار کو قبول کرنا جمہوریت ہے، اگر یہ اپنی شکست تسلیم کرتے تو ان کے قد میں اضافہ ہوتا۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کو غیر یقینی سے نکالا جائے، انتخابات کا اعلان کیا جائے، اسلام آباد کے انتخابات کو چند روز پہلے ملتوی کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات بہت تیزی سے بدل رہے ہیں، صاف شفاف انتخابات ہوئے تو عمران خان بھاری مینڈیٹ سے جیتیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ تین دن سے سپیکر گیلری میں مکروہ چہرہ بیٹھتا رہا، سترہ جون 2014ء کو ماڈل ٹاؤن کا واقعہ کروایا تھا اس واقعہ میں حاملہ عورتوں کے منہ پر گولیاں مروائیں، دیدہ دلیری و بےشرمی سے لاہور کے چہرے پر بدنما داغ لگا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثنااللہ میں غیرت نامی کوئی چیز نہیں تھی جھوٹ بولا ظلم کئے، گورنر راج خون خرابا ہو کیونکہ رانا ثنااللہ اور ان کے لیڈر مجرم ہیں، پاکستان پر مافیا مسلط ہے وہ مافیا جو نظریہ پاکستان کے خلاف چلتا ہے، ان کا ایمان پیسہ ہے ہمیشہ پنجاب کا امیج خراب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سمجھتے رہے زور زبردستی سے قابو کرلیں گے آج تیرہ پارٹیوں کو عمران خان نے ملیا میٹ کردیا، زرداری جو بیماری ہے پنجاب میں ضمیر خریدے گا اس کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ تم نے آنے والی نسلیں خراب کیں، گندے لوگوں نے پیسہ کی بنیاد پر ووٹ کو نہیں پیسے کو عزت دی۔

مزیدخبریں