ایک نیوز: حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کردیئے۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے پانچ ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ،ملاقات کرنیوالوں میں این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی شامل تھے ،تمام ارکان نے قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم اور مبارک پیش کی۔
شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں، آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے، پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے، انشاللہ، نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور جذبے کو سراہا ۔ نومنتخب ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر سے آزاد امیدواروں کی ن لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ، قومی اسمبلی کے کئی ارکان پہلے ہی ن لیگ میں شامل ہوچکے ہیں ،آج پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 چنیوٹ سے کامیاب آزاد امیدوار محمد ثاقب خان چدھڑ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے ۔محمد ثاقب خان چدھڑ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب ن لیگ نے حکومت سازی کیلئے رابطے تیز کردیئے ہیں مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین آج مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں حکومت سازی کے لیے مشاورت کی جائے گی ،نوازشریف کی مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے بھی جلد ملاقات متوقع ہے ۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو فون کیا پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی ، دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات متوقع ہے ۔