ویب ڈیسک : قطر میں قید بھارتی بحریہ کے 8افسران کو رہاکردیا گیا جو قطر سے بھارت پہنچ گئے ۔
تفصیلا ت کے مطابق بھارت نے قطر میں مبینہ جاسوسی کے الزام پر گرفتار اپنے آٹھ شہریوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انڈین وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر نے انڈین بحریہ کے ان آٹھ سابق افسران کو رہا کر دیا ہے جنہیں گذشتہ سال سزائے موت سنائی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق انڈیا کی وزارت خارجہ نے پیر کو کہا کہ: ’ہم امیر قطر کی جانب سے ان شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے فیصلے کو سراہتے ہیں اور آٹھ میں سے سات افراد انڈیا واپس آ چکے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق قطری حکام کے لیے ایک نجی کمپنی کے ساتھ آبدوز پروجیکٹ پر کام کرنے والے آٹھ انڈین شہریوں کو 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان افسران پر مبنیہ طور پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام تھا۔
دوسری طرف بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے امیر قطر کے ساتھ ذاتی تعلقات اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی پردے کے پیچھے سفارت کاری نے بھارتی شہریوں کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ سفارتی محاذ کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سنبھالا تھا، سابق بحریہ کے اہلکاروں کی رہائی کے لیے نازک بات چیت قومی سلامتی کے مسشیر اجیت ڈووال نے کی انہوں نے نریندرا مودی کی بھرپور حمایت کے ساتھ دوحہ کے کئی دورے کئے ۔