حکومت نے شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی

شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی: وزیرداخلہ راناثنااللہ

ایک نیوز:  آڈیو لیک اسکینڈل میں بڑی پیشرفت، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کیخلاف انکوائری مکمل ہوگئی ہے۔ ایف آئی اے کو شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔شوکت ترین بھی عمران خان کی باتوں میں آگئے تھے۔شوکت ترین نے جو کیا اس کی سزا انہیں ضرور ملے گی۔ شیخ رشید کی گرفتاری کے پیچھے ان کی بکواس ہے۔انہوں نے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ پر قتل کا الزام لگایا۔اگر شیخ رشید سے سیاسی انتقام لینا ہوتا تو اس پر کوئی  اور چیز ڈال دیتے ۔ لیکن انہوں نے جو بیان دیا اسی پر مقدمہ ہوا ہے۔ عمران خان اب زمان پارک میں ڈھونگ کرکے بیٹھا ہے۔

 وزیر داخلہ نے کہا عمران خان نے آج گھٹیا گفتگو کی ۔ عمران خان اب سیاسی دہشتگرد کی طرح بن گیا ہے۔ عمران خان نے انتقامی سیاسی کے علاوہ کوئی سیاست نہیں کی۔وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ڈیل سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے بعد سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کےخلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزارت داخلہ سے ان کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی۔