ایک نیوز: قرض تلے دبے محنت کش کو مدد کے بہانے راولپنڈی بلوا کر دھوکے سے گردہ نکال لیا گیا۔ پنجاب ہائی وے پیڑولنگ پولیس نے ملزم کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق زخمی شخص نے اپنا نام اعظم اور جڑانوالہ کا رہائشی بتاتے ہوئے بتایا کہ ان پڑھ آدمی ہوں اور بھٹہ خشت پر محنت مزدوری کرتا ہوں جہاں مالک عبدالرحمان سے قرضہ لیتا رہا جو واپسی کا تقاضا کرتا ہے، بڑے بھائی سے بات کی تو اس نے مدد کے لیے ثاقب علی اور عمران سے رابطہ کروایا۔
اعظم نے بتایا کہ ثاقب وغیرہ نے مدد کا وعدہ کرکے راولپنڈی بلوایا، 10 فروری کو راولپنڈی ٹرانسپورٹ اڈے پہنچنے پر ثاقب گاڑی میں بٹھا کر نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے نامعلوم مکان پر لے گیا وہاں مجھے انجیکشن لگایا، ہوش نہ رہا اور رات گئے ہوش آیا تو بازو پر کینولا لگا ہوا تھا اور پیٹ میں درد تھا تو پوچھا میرے ساتھ کیا کیا ہے، ثاقب نے میرے بھائی سے بات کروائی اور کہا کہ تمھاری مدد کے لیے دو لاکھ روپے بھائی کو بجھوا دیے ہیں اور تمھارا ایک گردہ نکال لیا ہے تمہیں کچھ نہیں ہوگا، وہیں میرے ساتھ والے بیڈ پر عربی لباس میں لیٹے شخص نے مجھے 40 ہزار روپے دیے۔
زخمی شخص نے مزید بتایا کہ میں رات وہیں رہا، وہ مجھے انجیکشن لگاتے رہے اور اب واپس گھر بھیجنے کے لیے بس اڈے پر چھوڑنے جا رہے تھے، میرے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے لہٰذا مدد کرکے دادرسی کی جائے۔
پولیس نے ثاقب علی کی تلاشی لی تو اسکی جیب سے 4 لاکھ 95 ہزاد روپے اور 50 عمانی ریال برآمد ہوئے۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر سیٹ کے نیچے سے بھی 5 لاکھ روپے مزید برآمد ہوئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور مریض کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان گردوں کی پوند کاری کرنے والا منظم گروہ سے ہیں اور ملزم ثاقب علی ایف آئی اے کا بھی ریکارڈ یافتہ ہے جس کے موبائل فون سے گردوں کی پیوند کاری کی متعدد ویڈیوز و تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں جس کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب ہائی ویز پیٹرولنگ پولیس کے سب انسپکڑ سیاب اعوان نے تھانہ روات پولیس کو بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل اختر حسین کے ہمراہ جاپان روڈ پر ڈیوٹی پر تھے کہ گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا تو ڈرائیور ثاقب علی نے گاڑی پولیس ٹیم پر چڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔سب انسپکڑ سیاب اعوان کے مطابق زبردستی روکنے پر کہا کہ سواری ساتھ ہے، جلدی میں ہوں اور پانچ ہزار روپے کا نوٹ رشوت میں دیا جس کو قبضے میں لے لیا۔ شک پڑنے پر گاڑی کے عقب میں چادر اوڑھے شخص کو چیک کیا تو اس کے بازو پر کینولا اور پیٹ کی بائیں جانب سفید پٹی لگی ہوئی تھی۔