بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا

Feb 12, 2023 | 16:11 PM

ایک نیوز: افواہیں سچ ہونے لگیں۔ ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلے کے بعد پاکستان میں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب اور گردونواح کے علاقوں میں  زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے سبب شہریوں میں خوف کی فضا پھیل گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 40 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے سبب شہری کلمہ طیبہ پڑھتے گھروں سے نکل آئے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سوات  میں بھی زلزلہ آیا تھا ،ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعدسوشل میڈیا پر پاکستان میں زلزلے سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم ماہرین نے کسی شدید زلزلے کے خدشات کومسترد کر دیاتھا۔

اس سے قبل پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے حوالے سے خبروں پر چیف میٹرولوجسٹ نے اہم بیان دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف میٹرولوجسٹ میاں محمد ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک میں زلزلے کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی زیرزمین پلیٹس عریبین ہیں جبکہ ہماری پلیٹس انڈین ہیں۔ اس لیے ترکی کی پلیٹس کا تعلق روس، اور افریقہ کے ساتھ ملتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا تھا کہ زیرزمین ہونے والے قدرتی عمل پر دنیا بھر میں کسی کی کوئی دسترس نہیں۔ زلزلے کے حوالے سے کوئی فورکاسٹ ابھی تک نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریبا ہر100 سال میں دو بڑے زلزلے آتے ہیں اور اس لحاظ سے 2035 تک بڑا زلزلہ آنے کا امکان ہے۔ سو سال قبل 1935 میں کوئٹہ میں بہت خوفناک زلزلہ آیا۔ اس کے بعد 1989 اور 2005 میں زلزلہ آیا جس میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ ترکیہ فالٹ لائن عریبین کا کچھ حصہ پاکستان سے ملتا ہے لیکن اس سے بڑا خطرہ نہیں۔ پاکستان میں 2005 کے زلزلے کے بعد افواہیں تھیں کہ بنگلہ دیش، بھارت اور برما میں زلزلہ آ سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

مزیدخبریں