چھٹی کے روز مرغی کے گوشت نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

Feb 12, 2023 | 13:56 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز: مرغی کے گوشت کی نئی قیمت نے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔ متعدد شہروں میں فی کلو چکن 720 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

چکن کی قیمت نیچے آنے کا نام ہی نہیں لے رہی، اور متعدد شہروں میں مرغی کا گوشت روزانہ مہنگائی کے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔

ملک میں جہاں ڈالر اور سونے کی قیمت کو پر لگے ہوئے ہیں اور مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، وہیں مرغی کا گوشت متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہوچکی ہے۔

کراچی سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں مرغی کی قیمت نے اڑان بھرتے ہوئے 700 کا ہندسہ عبور کرلیا ہے، اسلام آباد میں زندہ مرغی 435 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، جب کہ شہر میں مرغی کا گوشت 720 روپے فروخت کیا جارہا ہے۔

کراچی میں بھی زندہ مرغی 490 روپے جب کہ مرغی کے گوشت کی قیمت 720 روپے ہوچکی ہے۔ راولپنڈی میں زندہ مرغی 420 روپے اور مرغی کا گوشت 720 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

پشاور میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 440 روپے اور چکن کے گوشت کی فی کلوقیمت 704 روپے ہے، کوئٹہ میں زندہ مرغی 500 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے جب کہ یہاں فی کلو مرغی کے گوشت کی قیمت 650 روپے ہے۔

لاہور میں چکن کے گوشت کی قیمت فی کلو617 روپے ہے اور زندہ چکن کی فی کلو 411 روپے کلو فروخت ہورہا ہے، فیصل آباد میں مرغی کا فی کلو گوشت 615 روپے اور زندہ مرغی411 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، جب کہ ملتان میں مرغی کا فی کلو گوشت 590 روپے اور زندہ مرغی 450 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں